اقتصادی سرگرمیاں بحال، پٹرولیم مصنوعات کی فروخت دو سال کی بلند ترین سطح پر

ستمبر 2020ء میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 15 لاکھ 20 ہزار ٹن تھا جو اکتوبر میں 11 فیصد بڑھ کر 17 لاکھ ٹن رہا

721

اسلام آباد: پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی فروخت بھی دو سال کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ستمبر 2020ء میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 15 لاکھ 20 ہزار ٹن ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبر میں بڑھ کر 17 لاکھ ٹن رہا۔ یوں اکتوبر میں ستمبر کے مقابلہ میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 11 فیصد اضافہ ہوا۔

لارج سکیل مینوفیکچرنگ، سیمنٹ، فرٹیلائزر اور سٹیل کے شعبوں میں مسلسل بحالی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اکتوبر میں ڈیزل کی فروخت 6 لاکھ 70 ہزار ٹن رہی جو ستمبر میں 4 لاکھ 70 ہزار ٹن تھی، اکتوبر میں پٹرول کی فروخت بھی ستمبر کے مقابلہ میں 7 فیصد زیادہ رہی۔ پٹرول کی فروخت 6 لاکھ 40 ہزارٹن تھی جو اکتوبر میں بڑھ کر 6 لاکھ 90 ہزار ہو گئی۔

اسی طرح فرنس آئل کی فروخت بھی اکتوبر میں ستمبر کے مقابلہ میں زیادہ رہی ہے اور اکتوبر میں فرنس آئل کی فروخت گزشتہ سال کے اس مہینے کے مقابلہ میں 44 فیصد زیادہ ریکارڈ ہوئی ہے۔ اکتوبر2020ء میں فرنس آئل کی فروخت 2 لاکھ 90 ہزار ٹن رہی جبکہ اکتوبر 2020 میں فرنس آئل کی فروخت 20 لاکھ ٹن رہی تھی۔

اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت 6 فیصد کے اضافہ کے ساتھ 29 لاکھ ٹن، پٹرول کی فروخت 5 فیصد اضافہ کے ساتھ 26 لاکھ 20 ہزار ٹن اور فرنس آئل کی فروخت 32 فیصد اضافہ کے ساتھ 9 لاکھ 20 ہزار ٹن رہی۔

رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت میں 7 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 59 لاکھ 90 ہزار ٹن رہی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here