اسلام آباد: پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) کے مطابق پیک شدہ دودھ کے مارکیٹ شیئر میں ایک فیصد اضافہ سے دیہی معیشت میں 36 ارب روپے کا اضافہ ہو گا۔
پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) کے حکام نے کہا ہے کہ ملکی مارکیٹ میں کھلے دودھ کا حصہ 90 فیصد ہے جبکہ پیک دودھ کا مارکیٹ میں شیئر محض 10 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پیک دودھ کی صنعت کو ٹیکس مراعات دے اور دودھ کی مجموعی قومی مارکیٹ میں اس کا حصہ صرف ایک فیصد بڑھا دے تو قومی معیشت کو متعدد فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔
اس سے 600 ملین لیٹر اضافی دودھ اکٹھا کیا جا سکے گا اور اس طرح دیہی معیشت میں اضافی 36 ارب روپے شامل ہوں گے، اس کے علاوہ روزگار کے براہ راست 25 ہزار نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے جبکہ حکومت کو مختلف ٹیکسز کی مد میں چھ ارب روپے وصول ہوں گی۔
پی ڈی اے حکام نے حکومت سے درخواست کی کہ صنعت کے لئے مراعات کا اعلان کیا جائے جس سے نہ صرف ڈیری کی صنعت کی ترقی اور اسے فروغ دینے میں مدد ملے گی بلکہ قومی معیشت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔