بیجنگ: کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے دوران دنیا کی معیشت کو بحران کا سامنا ہے تاہم چین بڑی تیزی سے اقتصادی بحالی کی جانب گامزن ہے اور اس کی اقتصادی بحالی کی بدولت ایشیا میں معاشی بحالی کے آثار نظر آ رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس وقت عالمی برادری کی ساری توجہ امریکی انتخابات اور امریکہ اور یورپ میں انسداد کورونا پر مرکوز ہے جبکہ چین نے خاموشی سےمتعدد کلیدی شعبوں میں اہم پیش رفت حاصل کی ہے۔
وباء کے ابتدائی مرحلے میں چین نے دنیا میں سخت ترین اقدامات اپنائے تھے جس میں کئی شہروں کا مکمل لاک ڈائون، کاروباری و صنعتی بندش اور فضائی رابطوں پر پابندیاں شامل تھیں جس کی وجہ سے چینی معیشت کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
لیکن اب دنیا میں کووڈ۔19 کی صورتحال میں ایک سال سے بھی کم مدت میں چین ترقی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں سال اقتصادی ترقی کے حصول کے حوالے سے چین واحد بڑی معیشت ہو گی، چین کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق چینی معیشت میں سالانہ بنیادوں پر دوسری سہ ماہی میں 3.2 فیصد جبکہ تیسری سہ ماہی میں 4.9 فیصد کا اضافہ ہوا۔
ویسٹ پیک آسٹریلیا کے ایک تجزیہ کار نے کہا ہے کہ بنیادی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ چین ترقی کے جس نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے ، وہ مضبوط اور لچکدار ہو گا۔
ستمبر میں چین کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 13.2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ان میں سیمی کنڈیکٹر کی درآمد میں نمایاں اضافہ بھی شامل ہے جو خاص طور پر جنوبی کوریا جیسی معیشتوں کے لئے فائدہ مند ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین کی اقتصادی بحالی دیگر ایشیائی ممالک کے ساتھ اس کے مضبوط تجارتی تعلقات کی بدولت ان کی معاشی بحالی کیلئے بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔
گزشتہ دنوں روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نےکہا تھا کہ اس بات کو تسلیم کرنا ہو گا کہ چین عالمی معشیت کی قوتِ محرکہ ہے۔
انویسٹمنٹ فورم کی کانفرنس سے خطاب میں پیوٹن کا کہنا تھا کہ معاشی شرح نمو چین کے طے شدہ ہدف تک نہیں پہنچی لیکن اس کے باوجود چین کی شرح نمو کافی بہتر اور دنیا بھر میں نمایاں ہے۔