ایف بی آر، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کیلئے آخری تاریخ کا اعلان

387

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام ٹیکس گزاروں کو اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے 8 دسمبر 2020ء سے پہلے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

ترجمان ایف بی آر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں آسانی کے لئے ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں، ٹیکس سال 2020ء کے لئے نیا ’آسان ریٹرن فارم‘ متعارف کرایا گیا ہے۔

ٹیکس گزار نئے وزرڈ بیسڈ آسان ویب انٹرفیس کے ذریعے راہنمائی کے ساتھ سالانہ گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔ ٹیکس آسان ایپ پر سمارٹ فون کے ذریعے بھی گوشوارے جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے جو قابل ٹیکس آمدنی ہونے کے باوجود گوشوارے جمع نہیں کرا رہے اور ایسے افراد جن کے اخراجات قابل ٹیکس آمدنی سے زائد ہیں مگرانہوں نے سالانہ گوشواروں میں اپنی آمدن قابل ٹیکس آمدنی سے کم ظاہر کی ہے، ایف بی آر کے ڈیٹابیس میں ایسے تمام افراد کے اخراجات اور آمدن کی تفصیلات موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق ایف بی آر ایسے تمام افراد کو آخری موقع دے رہا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے اپنے صحیح اخراجات اور آمدن کے حساب سے جمع کرائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ایف بی آر کے مطابق ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی راہ نمائی کے لئے ویڈیو ٹیوٹوریلز ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود ہیں، کسی بھی دشواری پیش آنے پر ایف بی آر کی ہیلپ لائن 111772772 یا ویب سائٹ www.fbr.gov.pk  سے مدد لی جا سکتی ہے۔

یاد رہے انکم ٹیکس گوشوارے فائل کرنا ہر اس شخص پر لازم ہے جس کی سالانہ آمدن چھ لاکھ یا اس سے زائد ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here