ابو ظہبی گروپ کا پاکستانی ٹیلی کام سیکٹر کو خیر باد کہنے کا فیصلہ

جاری مالی سال کی چوتھی سہ ماہی میں ظہبی گروپ کے تمام 15 فیصد شئیرز کی متوقع فروخت کے ساتھ ہی جاز ٹیلی کام مکمل طور پر VEON کی ملکیت میں چلی جائے گی 

3019

اسلام آباد: امارات سے تعلق رکھنے والا ظہبی گروپ پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کو مکمل طور پر خیر باد کہنے پر غور کر رہا ہے۔

ظہبی گروپ موبائل کمیونیکیشن لمیٹڈ کمپنی (جاز) میں 15 فیصد شئیرز کا مالک ہے لیکن اب گروپ نے اپنے تمام شئیرز فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جاری مالی سال کی چوتھی سہ ماہی میں ظہبی گروپ کی جانب سے متوقع شئیرز کی فروخت کے ساتھ ہی جاز ٹیلی کام VEON کی ذیلی کمپنی کے طور پر اس کی مکمل ملکیت میں چلی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

’جاز کی فورجی سروس میں 3 ارب 70 کروڑ سرمایہ کاری‘

تین ماہ میں پاکستانیوں نے 49 کروڑ 20 لاکھ ڈٓالر کے مہنگے موبائل فون درآمد کر لیے

جولائی 2016ء میں جاز ٹیلی کام نے ظہبی گروپ کے ماتحت چلنے والی ٹیلی کام آپریٹر ’وارد‘ کی ایکوزیشن حاصل کر لی تھی اور بدلے میں ظہبی گروپ کو جاز میں 15 فیصد شئیرز دئیے گئے تھے۔

VEON کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ظہبی گروپ جاز کی پیرنٹ کمپنی VEON لمیٹڈ کو اپنے شئیرز فروخت کرے گا۔

واضح رہے کہ جاز پاکستان کا سب سے بڑا موبائل ٹیلی کام آپریٹر شمار ہوتا ہے جس کے ملک بھر میں صارفین کی تعداد چھ کروڑ تیس لاکھ سے زائد ہے، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعدادوشمار کے مطابق اگست 2020ء تک پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں جاز کا حصہ 37 فیصد تھا۔

VEON کیا ہے؟

یہ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک ملٹی نیشنل ٹیلی کام کمپنی ہے جس کی بنیاد دمتری زمن (Dmitry Zimin) آجی کے (Augie K.) اور فابیلا ٹو (Fabela II) نے 2009ء میں ماسکو میں رکھی لیکن اس کا مرکزی دفتر ہالینڈ کے دارالخلافہ ایمسٹرڈیم میں واقع ہے، یہ بنیادی طور پر روس  کی کمپنی Altimo کی ذیلی کمپنی ہے جو دنیا بھر کے ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک بڑا نام ہے۔

VEON کے  56.2 فیصد شئیرز روسی کمپنی Altimo جبکہ 9 فیصد ٹیلی نار گروپ کے پاس ہیں، اس کے باوجود VEON  ایشیا، یورپ اور افریقہ میں ٹیلی کام سروسز فراہم کرنے والی سب سے نمایاں کمپنی ہے اور دنیا بھر میں 9ویں بڑی موبائل نیٹ ورک آپریٹر ہے۔

روس کی ٹیلی کام آپریٹر PJSC VimpelCom، الجیریا میں موبائل سروسز فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی Djezzy، بنگلہ دیش کی تیسری بڑی سیلولر کمپنی بنگلہ لنک (Banglalink)، پاکستان کی جاز (Jazz)، گلوبل ٹیلی کام ہولڈنگ اور اٹلی کی H3G S.p.A کے علاوہ وِنڈ ٹیلی کام (Wind Telecom) سبھی VEON کی ذیلی کمپنیاں ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here