لاہور: پنجاب حکومت نے آگ سے متاثرہ حفیظ سینٹر کے تاجروں کے لیے پانچ ارب روپے کے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تاجر رہنمائوں سے ملاقات کی اور ریلیف پیکیج کا اعلان کیا گیا۔
ایل سی سی آئی کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق صوبائی وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان، وزیرخزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت، صدر ایل سی سی آئی میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر نادر حمید خان، صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود، صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملکو دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ بزدار نے کہا کہ پنجاب بینک حفیظ سینٹر کے متاثرین کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرے گا اور اس مقصد کے لیے حفیظ سینٹر کے قریب بینک کا خصوصی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، پنجاب روزگار سکیم کے تحت بینک کامیاب جوان پروگرام اور ‘بی او پی اپنی دکان’ کے تحت بھی کم شرح سود پر مالی حل فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
حکومتی کلیرنس ملنے تک حفیظ سینٹر مکمل سیل
تاجروں کا فوری طور پر حفیظ سینٹر کھولنے کا مطالبہ
حفیظ سینٹر آگ، کروڑوں کا نقصان، تاجروں کا حکومت سے معاوضہ دینے کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لیے دکانوں اور دفاتر کی دوبارہ سے تزئین و آرائش، نئی دکانوں اور انوینٹری یا سٹاکس کی خریداری کے معاملے سے متعلق تاجروں کی مدد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) نے پہلے ہی ترجیحی بنیادوں پر حفیظ سینٹر کے متاثرین کو ریفنڈز دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب بینک نے اپنے آئی ٹی ٹاور میں حفیظ بینک کے متاثرہ تاجروں کو آسان شرائط پر 135 دکانیں دینے کی پیشکش بھی کی ہے۔
اس موقع پر میاں طارق مصباح نے وزیرعلیٰ کو کاروباری برادری کے دیرینہ مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پرائس کنٹرول کے طریقہ کار کے اقدامات کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں لیکن یہ اقدامات انصاف کی بنیاد پر اٹھائے جائیں، انتظامیہ سے متعلق مسائل کے بروقت حل کے لیے ایل سی سی آئی کو ضلعی کمیٹیوں میں واضح نمائندگی دی جائے۔
انہوں نے ایل سی سی آئی کے مطالبات ماننے اور حفیظ سینٹر کے متاثرین کو ریلیف پیکیج فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔