اسلام آباد: فرانس میں نبی آخر الزمان ﷺ کی شان میں سرکاری سرپرستی میں کی جانی والی گستاخی پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل چھلنی ہیں اور اس قبیح فعل کے خلاف مسلم ممالک میں بھرپور احتجاج کیا جا رہا ہے۔
اس ردعمل کے تحت مسلم دنیا نے فرانس کا معاشی بائیکاٹ شروع کر دیا ہے۔ پاکستان میں بھی اس حوالے سے سرکاری و عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، حکومت پاکستان ہر فورم پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہی ہے جس کا اثر پاکستان اور فرانس کے تعلقات پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
تازہ اطلاع کے مطابق پاکستان نے احتجاجاً فرانسیسی کمپنی ائیربس کے ساتھ 1.5 ارب ڈالر کا فوجی سودا منسوخ کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور فرانسیسی کمپنی ائیربس اس ڈیل کو طے کرنے کے قریب تھے جس کے تحت پاک بحریہ اینٹی سب میرین وارشپ ہیلی کاپٹر پروگرام کے لیے 27 EC725 Caracal ملٹی مشن ہیلی کاپٹر خریدنا چاہتی تھی۔
پاکستان نیوی نے اپنے ہیلی کاپٹرز کے بیڑے کو جدید بنانے کے لیے ٹینڈر جاری کیا تھا جو فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی ائیربس کو ملنے کے امکانات روشن تھے مگر فرانس میں سرکاری سرپرستی میں اسلامو فوبیا کی لہر کے بعد کئی مسلم ممالک جن میں پاکستان بھی شامل ہے کے فرانس کے ساتھ تعلقات خراب ہوگئے ہیں۔
اُدھر اس ڈیل کی منسوخی سے پاکستان کے پاس اب دو آپشنز بچے ہیں اور اسے چینی ساختہ Z-20F اور امریکی S-70B سی ہاک ہیلی کاپٹرز میں سے کسی ایک کا مشکل انتخاب کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جس نے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی پر فرانس کے ساتھ شدید احتجاج کیا ہے اور اسے مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کا سنگین نتائج پر مبنی اقدام قرار دیا ہے.