لاہور: پنجاب میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو جدید سیکورٹی فیچرز سے آراستہ نمبر پلیٹیں فراہم کی جائیں گی، اس حوالے سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے-
جمعرات کو وزیر اعلی آفس میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریٹر جنرل راو شکیل الرحمن اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے جنرل مینجر (مارکیٹنگ) سید عامر نے معاہدے پر دستخط کئے-
وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ گاڑیوں کی سکیورٹی فیچرڈ اور اسٹینڈرڈائز نمبر پلیٹس کی فراہمی کا مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کرلیا گیا ہے، جی ٹو جی بنیاد پر ہونے والا یہ معاہدہ نمبر پلیٹوں کی سپلائی اور اجراء کے مسئلے کا طویل المدتی حل ثابت ہو گا جس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے نمبرپلیٹوں کی شناخت بھی ممکن ہو گی-
انہوں نے کہا کہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے مالکان کو جلد نمبر پلیٹس ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی- پنجاب بھر میں ایک ہی طرز پر موٹر وہیکل رجسٹریشن بذریعہ یونیورسل رجسٹریشن سیریز کا آغاز کیا گیا ہے اور پرکشش نمبروں کی نیلامی کے عمل کو آن لائن کر دیا گیا ہے-
وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے تمام بنیادی ٹیکسز کی آن لائن ادائیگی بذریعہ ای پے کا آغاز کیا گیا ہے، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 5 ارب سے زائد کا ریونیو بذریعہ ای پے حاصل ہوا-رجسٹریشن اور دیگر امور کے سلسلے میں دفاتر آنے والے درخواست گزاروں کے لئے آن لائن اپوائنٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم کا بھی پنجاب بھر میں آغاز کیا گیا ہے اور عوام کو اس سسٹم کے ذریعے دفاتر میں انتظار اور قطار کی زحمت سے بچا لیا گیا ہے-
انہوں نے کہا کہ موٹر وہیکل رجسٹریشن کے لئے بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کا بھی جلد آغاز کردیا جائے گا- گورنمنٹ اداروں میں شفافیت کے ذریعے عوامی سہولت پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے- گاڑیوں کی سکیورٹی فیچرڈ اور اسٹینڈرڈائز نمبر پلیٹس قانون کی عمل داری اور امن و عامہ قائم رکھنے کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے-