کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے کاروباری روز کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں کورونا وائرس کا خوف دکھائی دیا جس کے باعث کاروبار ریڈ زون میں بند ہوا۔
عالمی ایکویٹی مارکیٹس میں ملا جا رجحان رہا جبکہ خام تیل کی قیمت گزشتہ کاروباری روز کے مقابلے میں معمولی کم ہوئی، ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ کی قیمت 4.60 فیصد کمی سے 37.75 ڈالر جبکہ برینٹ کروڈ کی قیمت 3.70 فیصد کمی سے 40.08 ڈالر پر آگئی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز ہوا تو کچھ دیر بعد انڈیکس میں 305 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 41687 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر گیا۔ تاہم یہ رجحان برقرار نہ رہا اور 312 پوائنٹس گراوٹ سے انڈیکس 41069 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا۔ کاروبار کا اختتام 194 پوائنٹس کمی سے 41186 پوائنٹس پر ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 695 پوائنٹس کمی سے انڈیکس 65698 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیرانڈیکس 137 پوائنٹس خسارے سے 28976 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
گزشتہ کاروباری سیشن (منگل) کے دوران مجموعی مارکیٹ حجم 481.02 ملین شئیرز سے کم ہو کر 368.42 ملین شئیرز ہو گئے تھے۔ یونیٹی فوڈز لمیٹڈ، پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل لمیٹڈ اور ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ کاروبار کے دوران مستحکم رہے۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں بینکنگ، سیمنٹ اور ٹیکسٹائل کمپوزٹ کے شعبے شدید مندی سے متاثر ہوئے۔ دیگر کمپنیوں کے مابین لکی سیمنٹ لمیٹڈ، سیریل کمپنی لمیٹڈ اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے بھی کاروبار پر منفی اثر ڈالا۔