تیل و گیس دریافت کرنے کے شعبہ میں ایف ڈی آئی میں 68 فیصد اضافہ

پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن سیکٹر میں 67.2 ملین ڈالر براہ راست بیرونی سرمایہ کاری آئی جو گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی میں 39.8 ملین ڈالر تھی

568
What a future without oil looks like for the Gulf countries

اسلام آباد: ملک میں تیل و گیس دریافت کرنے کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 68.84 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے لے کر ستمبر 2020ء تک کی مدت میں تیل و گیس دریافت کرنے کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 67.2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 68.84 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر 2019ء) کے دوران ملک میں تیل و گیس دریافت کرنے کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 39.8 ملین ڈالر رہا تھا۔

ماہانہ لحاظ سے ستمبر2020ء میں اس شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 32.9 ملین ڈالر رہا۔

سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے حجم میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 31 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جولائی سے لیکر ستمبر 2020ء تک کی مدت میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 415.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 545.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here