چترال میں پہلے فائیو سٹار ہوٹل کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

998

اسلام آباد: چترال میں پانچ ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے فائیو سٹار ہوٹل بی جان (Bejaan) کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔

بدھ کو چترال میں فائیو سٹار ہوٹل  کا سنگ بنیاد معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور چیئرمین نیشنل ٹورزم کوآرڈی نیشن بورڈ ذولفقار بخاری نے رکھا، اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچ ارب کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا ہوٹل چترال کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی کے چار ہوٹلز کو بھی صوبے کے حوالے کر دیا ہے جنہیں تین سے چھ مہینے کے اندر کمرشلائز کر دیا جائے گا۔ یہ ہوٹلز سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ چترال کی عوام کو روزگار بھی فراہم کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی حکومت ہے جس نے دس سالہ سیاحتی پالیسی بنائی ہے، کورونا وبا کے باعث سیاحتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے۔ وزیراعظم سے روزانہ کی بنیاد پر سیاحت کے فروغ پر گفتگو ہوتی ہے، ہم ہر صوبے میں سیاحتی زون بنا رہے ہیں۔ چترال میں بھی ایک سیاحتی زون کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

زلفی بخاری نے کہا کہ نئے سیاحتی زونز میں ہوٹل، ریسٹورنٹس، ہسپتال اور تفریحی مقامات شامل ہوں گے۔ ٹورازم پولیس تشکیل دے رہے ہیں جو ان مقامات کی سکیورٹی پر مامور ہو گی۔

چیئرمین نیشنل ٹورزم کوآردی نیشن بورڈ نے کہا کہ چترال کی عوام کی طرف سے سب سے زیادہ سڑکوں کی تعمیر کی درخواستیں موصول ہوئیں اس لیے میں آپ کو چترال اور شندور روڈ کی تعمیر کی خوشخبری دینا چاہتا ہوں جس کا انتظامی کام مکمل ہو چکا ہے، بہت جلد تعمیر کا افتتاح کریں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here