پشاور: تقریباً ایک ماہ کی بندش کے بعد بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آرٹی) سروس کو جامع تحقیقات، نئے آلات کی تنصیب، لوڈ اور روڈ ٹیسٹینگ کے بعد ہفتہ کے روز دوبارہ بحال کر دی گئی۔
اس حوالے سے ترجمان ٹرانس پشاور محمد عمیر خان نے کہا کہ بی آر ٹی بسیں صبح 6 سے رات 10 بجے تک چلائی جائیں گئیں جبکہ مرکزی راہداری پر ایکسپریس روٹ بھی فعال کر دیا گیا۔
خیبر بازار سے مال آف حیات آباد تک خصوصی روٹ چلایا جائے گا جبکہ 25 اکتوبر سے حیات آباد کے تین ڈائریکٹ روٹس کو بھی بحال کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی میں سفر کرنے والے تمام افراد کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، بسوں میں خواتین، معذور اور معمر افراد کی مخصوص نشستوں پر دیگر لوگوں کا بیٹھنا منع ہو گا، مسافر حضرات بسوں میں غیر ضروری رش پیدا کرنے سے گریز کریں اور ایک بس میں جگہ نہ ہو تو اگلی بس کا انتظار کریں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں چینی ماہرین نے بسوں میں بار بار آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرکے صوبائی حکومت کو رپورٹ پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ بسوں پر غیر معمولی وزن، غیر معمولی بیرونی ٹمپریچر اور کمزور الیکٹرک آلات کے باعث آتشزدگی کے واقعات ہوئے تھے۔