خیبر پختونخوا: کاروباری طبقے کا دوہرے ٹیکس ختم کرنے، دائرہ کار بڑھانے کا مطالبہ

518

پشاور: خیبرپختونخوا کی کاروباری برادری نے صوبائی حکومت سے دوہرے ٹیکس ختم کرنے، موجودہ ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے، پراپرٹی ٹیکس کے تناسب میں کمی اور حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کو اضافی ٹیکسز سے استثنیٰ دینے کی درخواست کی ہے۔

صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) شیرباز بلور نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید غازی غزن جمال کے ساتھ چیمبر ہاؤس میں منعقدہ ایک اجلاس میں مذکورہ بالا مطالبات پیش کیے۔

اجلاس کے شرکاء نے صوبائی حکومت سے کورونا وائرس سے متاثرہ کاروباروں کو جلد ریلیف فراہم کرنے کی درخواست کی، انہوں نے کہا کہ قانون سازی میں کاروباری برادری کی شمولیت سے حکومتی محکموں اور تاجروں کے درمیان خلا کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

ہائےرے مہنگائی، خیبرپختونخوا کی عوام کی دہائی ،حکومت بےبس

آزادکشمیر حکومت سے ٹیکس چوری کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ

صدر ایس سی سی آئی نے خبردار کیا کہ کاروباری سرگرمیوں پر کریک ڈاؤن حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان خلا پیدا کرنے کے مترادف ہے، کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے دوہرے ٹیکس کو ختم کرنا لازمی ہے۔

کاروباری حلقوں کی پریشانیوں کے جواب میں غازی غزن جمال نے بتایا کہ حکومت دوہرے ٹیکس ختم کرنے اور لوگوں کو ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار میں لانے کے لیے ٹھوس حکمتِ عملی بنا رہی ہے، صوبائی محکمہ ایکسائز نے 8 سے 4 فیصد تک ٹیکسوں کو کم کیا ہے۔

معاونِ خصوصی نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے لیے جلد آن لائن سسٹم متعارف کرایا جائے گا جبکہ رواں سال دسمبر کے اختتام تک پشاور میں جی آئی ایس میپ سروے کا آغاز کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ مذکورہ محکمہ ای پیمنٹس کا نظام متعارف کرانے جارہا ہے، بعدازاں ایس سی سی آئی اور کاروباری برادری کے دوہرے ٹیکس اور دیگر مسائل حل کرنے سے متعلق عملی اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here