گیس کی قلت، وزیر توانائی نے سرما میں لوڈ شیڈنگ کی نوید سنا دی

513

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ گیس کی قلت کی وجہ سے موسم سرما میں لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑے گی، عوام کفایت شعاری اپنائیں، دسمبر تک ملک میں یورو فائیو ڈیزل بھی ملنا شروع ہو جائے گا۔

گزشتہ روز ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر بہرہ مند تنگی اور سینیٹر رخسانہ زبیری کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ اس وقت جن صوبوں میں گیس پیدا ہو رہی ہے وہاں بھی اگلے چار سے پانچ سال میں گیس کی کمی کا سامنا ہو گا، گھریلو اور صنعتی شعبے میں سردیوں میں گیس کی قلت رہے گی اور اس کے لئے لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑے گی کیونکہ ہم گیس کی طلب کو پورا نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ دو نئے ٹرمینل بھی بنائے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائنز روس کی معاونت سے زیر تکمیل ہے تاکہ اگلے چند سالوں میں ہم اپنی گیس کی طلب پوری کر سکیں۔ اس وقت ملک میں گیس کی پیداوار 3.5 ارب معکب فٹ یومیہ اور طلب سات ارب معکب فٹ یومیہ سے زائد ہے، 1.2 ارب معکب فٹ ایل این جی یومیہ درآمد کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 20 نئے بلاکس نیلامی کے لئے پیش کئے ہیں، وہاں پر ڈرلنگ سے صورتحال میں بہتری کا امکان ہے، پہلے ایک ہی فیلڈ میں ڈرلنگ کی جاتی تھی، اب مختلف فیلڈز میں ڈرلنگ سے تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہونے کا امکان ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت ہونے کی کامیابی کی شرح 33 فیصد ہے، موجودہ صورتحال میں گیس کو کفایت شعاری سے استعمال کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں یورو فائیو پٹرول دستیاب ہے، دسمبر تک یورو فائیو ڈیزل بھی ملنا شروع ہو جائے گا، اس سے آلودگی میں کمی آئے گی اور گاڑیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، نئے ماڈل کی گاڑیوں کے انجن یورو فائیو معیار کے مطابق تیار کئے جا رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here