اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشںِ نظر ایک بار پھر سے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا عندیہ دے دیا۔
محکمے نے اس سلسلے میں تمام صوبوں کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
این سی او سی نے ایک اجلاس میں واضح طور پر کہا ہے کہ کاروباروں کو دوبارہ سے لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑے گا، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے اور ٹرانسپورٹ، بازاروں، شادی ہالز، ریستورانٹس اور عوامی اجتماعات جیسے شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ ان مقامات سے کورونا وائرس پھیلنے کے زیادہ خطرات ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
فضائی سفر کے دوران کورونا وائرس پھیلنے کے کتنے امکانات؟ نئی تحقیق سامنے آ گئی
عالمی مالیاتی اداروں کا کورونا کے خلاف پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کا اعتراف
این سی او سی نے کہا کہ ایک بار پھر سے کورونا وائرس کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے، عوامی اجتماعات کو سختی سے مانیٹر کیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے کیسز کی تعداد کو محدود کیا جاسکتا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا کہ لوگوں کو ماسکس کا استعمال کرنا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا چاہیے، حکومت ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کرے گی، اگر ایس او پیز پر مناسب عملدرآمد نہ کیا گیا تو سروسز کو بند کیا جانے کا امکان ہے۔