اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے بجلی ایک بار پھر 1.36 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی سفارش کر دی۔
سی پی پی اے نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی جانب سے ستمبر 2020ء کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 1.36 روپے فی یونٹ اضافہ کرنے کی درخواست کی ہے، بجلی کی قیمت میں اضافہ کے الیکٹرک کے صارفین کے پاور ٹیرف پر اثرانداز نہیں ہو گا۔
نیپرا سی پی پی اے کی درخواست کے تحت تجویز کردہ ایڈجسٹمنٹ پر غوروخوض اور اس حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے 29 اکتوبر کو آن لائن سماعت کرے گی جس میں بجلی مہنگی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ایک پبلک نوٹس ذریعے نیپرا نے تمام فریقین کو قانون کے مطابق تحریری یا زبانی اعتراضات پیش کرنے کی پیشکش کی ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق اس وقت ملک میں 37.18 فیصد بجلی پانی، 17.42 فیصد کوئلے، 5.82 فیصد فرنس آئل، 10.10 فیصد قدرتی گیس، 21.40 فیصد درآمدی ایل این جی، 1.34 فیصد ہوا اور 5.17 فیصد بجلی کی پیداوار نیوکلئیر ذرائع سے کی جا رہی ہے۔