سیئول: کمپیوٹر اور موبائل چپ بنانے والی دنیا کی دوسری سب سے بڑی کمپنی ایس کے ہینکس (SK Hynix) نے امریکی ملٹی نیشنل انٹیل کارپوریشن سے فلیش میموری چپ کے بزنس کی خریداری کے لئے 9 ارب ڈالر کا معاہدہ کر لیا۔
ایس کے ہینکس کے چیف ایگزیکٹو سیوک ہی لی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ معاہدے سے ان کی فرم کو نینڈ (NAND) فلیش مارکیٹ تک رسائی مل جائے گی۔
2016ء میں سام سنگ الیکٹرانکس کے امریکی آڈیو اور کار پارٹس بنانے والی کمپنی ہارمن انٹرنیشنل سے 8 ارب ڈالر کے معاہدے کے بعد یہ جنوبی کورین کمپنی کی اب تک کی سب سے بڑی ڈیل ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ معاہدے کے نتیجے میں ایس کے ہینکس کی سام سنگ الیکٹرانکس سے مسابقت کی صلاحیت بڑھ جائے گی۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا کی ایس کے ہینکس کمپیوٹرز اور سرورز میں استعمال ہونے والی ڈریم چپس کی دوسری بڑی بین الاقوامی کمپنی ہے جس نے فلیش میموری نینڈ چپس کے بزنس میں دیگر کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یہ چپس سمارٹ فونز اور یو ایس بی سٹوریج ڈرائیوز کے علاوہ طبی آلات میں بھی استعمال ہوتی ہیں۔