لاہور: حکومت پنجاب نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا یک طرفہ کرایہ 40 روپے فی مسافر مقرر کر دیا ہے، سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کرایہ کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کسی کا ذاتی یا سیاسی جماعت کا پراجیکٹ نہیں، عوام کے پیسوں سے بننے والے منصوبے صوبے کی ملکیت ہوتے ہیں اور حکومت عوام کے پیسوں سے شروع کردہ منصوبوں کی تکمیل کی پالیسی پر کاربند ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ اورنج لائن ٹرین کو لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے مکمل کیا گیا ہے، سابقہ حکومت کے نامکمل منصوبوں کو مکمل کر کے عوام کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین گزشتہ سال سے آزمائشی بنیادوں پر مسافروں کے بغیر چلائی جا رہی ہے تاہم رواں ماہ کے آغاز میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 25 اکتوبر سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کو باضابطہ طور پر مسافروں کیلئے چلانے کی منظوری دی تھی، وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔