جاپانی کمپنی کی اینٹی فلو دوا سے کووِڈ 19 کے علاج کیلئے سرکاری منظوری کی درخواست

858

ٹوکیو: جاپان کی معروف ادویہ ساز کمپنی نے کووِڈ۔ 19 میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لیے اپنی اینٹی فلو دوا ایویگان کے استعمال کی حکومت سے منظوری کی درخواست دی ہے۔

جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق فیوجی فلم ہولڈنگ گروپ آف کمپنیز میں شامل فیوجی فلم تویاما کیمیکل نے حکومت جاپان کی وزارت صحت میں درخواست جمع کرائی ہےکہ ایویگان سے کووِڈ۔19 کے علاج کے لیے منظوری دی جائے۔

کمپنی نے کورونا وائرس کے مریضوں پر دوا کے استعمال کی آزمائش کے نتائج کا گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا، نتائج کے مطابق کوئی بھی اثر نہ کرنے والی دوا لینے والوں کے مقابلے میں ایویگان لینے والوں میں مقابلتاً 2.8 روز کم عرصے میں کورونا علامات میں بہتری آئی اور ان کا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا۔

کمپنی نے مزید کہا ہے کہ مذکورہ دوا کے حوالے سے معلوم ضمنی اثرات سے ہٹ کر مریض کی سلامتی کے حوالے سے کوئی نیا خدشہ سامنے نہیں آیا۔

فیوجی فلم گروپ کا کہنا ہے کہ کووِڈ۔19 کے مریضوں کو یہ دوا جلد از جلد پہنچانے اور اس وائرس کے پھیلائو پر قابو پانے میں مدد دینے کے لیے کام کیا جائے گا۔

جاپان میں اینٹی وائرل دوا ریمڈیسیوئر، جسے ایبولا کے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، کووڈ۔19 کے موثر علاج کے لیے منظور کی جا چکی ہے۔ اسٹیرائیڈ ڈیکسامیتھاسون کی بھی بطور آپشن منظوری دی گئی ہے۔

وزیر صحت تامورا نوری ہیسا کا کہنا ہے کہ ان کی وزارت حتمی فیصلہ کرنے سے قبل ایویگان کے محفوظ اور اثر انگیز ہونے کا احتیاط سے جائزہ لے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here