کراچی: گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) ڈاکٹر رضا باقر نے فارن ایکسچینج سے متعلق کیسز جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانے کیلئے فارن ایکسچینج ریگولٹری اپروول سسٹم (آر اے ایس) کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر گورنر سٹیٹ بینک اور وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین نے تقریب سے کلیدی خطاب کیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق انیشی ایٹو کا مقصد کاروباری برادری اور عام لوگوں کو زرِمبادلہ سے متعلق اپنی درخواستیں جمع کرانے کے لیے بینکوں میں کاغذی کارروائی کی بجائے مکمل طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے، اب فارن ایکسچینج سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کو ڈیجیٹل انداز میں نمٹایا جائے گا، مرکزی بینک کا یہ اقدام حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن سے مماثل ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
اسلام آباد چیمبر کا سٹیٹ بینک سے شرح سود 2 فیصد کرنے کا مطالبہ
سٹیٹ بینک کے ذخائر میں مزید کمی، زرِمبادلہ کا حجم 11.79 ارب ڈالر ہو گیا
اس موقع پر ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے ایس بی پی کے نالج میجمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی جس کا مقصد مرکزی بینک میں فیصلہ سازی کے عمل کو ڈیجیٹلائز بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ فارن ایکسچینج سے متعلق تمام ٹرانزیکشنز کو بہتر طور پر منظم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ان میں کئی طرح کے خطرات درپپیش ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فارن ایکسچینج کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کاغذی عمل سے جان چھڑانا ہو گی اور آن لائن پلیٹ فارم سے رجوع کرنا ہو گا تاکہ تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ بینک نے مختلف پبلک اور نجی اداروں کے ساتھ مل کر متبادل ادائیگی کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے پر بھی کام کیا ہے، مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے کی ایڈوانس سہولت سے ملک میں ادائیگیوں کے میدان میں انقلاب برپا ہو گا۔ صارفین فارن ایکسچینج سے متعلق اپنی درخواستیں کسی بھی جگہ سے کمرشل بینک کے پورٹلز کے ذریعے جمع کرانے کے قابل ہوں گے۔