ایف بی آر کے حیدرآباد، ملتان میں چھاپے، کروڑوں کی ٹیکس چوری پکڑی گئی

حیدرآباد میں پیپر بورڈ بنانے والے مینو فیکچرنگ یونٹ، سگریٹ ڈسٹری بیوٹر، ملتان میں نقشبند فوڈز پر چھاپہ، ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا، انکوائری شروع

976

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حیدر آباد اور ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں کی ٹیکس چوری کے تین کیسز کو منظر عام پر لے آیا۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈائیریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر حیدرآباد نے مصدقہ اطلاع پر سائیٹ کوٹری میں واقع گودا، کاغذ اور پیپر بورڈ بنانے والے مینو فیکچرنگ یونٹ میں چھاپہ مارا۔

مینو فیکچرنگ یونٹ نے بجلی کے اخراجات کی مد میں سات کروڑ 49 لاکھ 61 ہزار برائے ٹیکس سال 2019ء کے لئے کلیم دائر کیا تھا جبکہ فروخت 17 کروڑ 69 لاکھ 44 ہزار ظاہر کی جو کہ بجلی کے استعمال کے حساب سے بہت کم تھی۔

یہ بھی پڑھیے: 

فرضی ناموں پر خریداری، اربوں روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف

ایف بی آر کروڑوں کی ٹیکس چوری کا ایک اور سکینڈل منظر عام پر لے آیا

ڈائیریکٹوریٹ کی ٹیم نے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جس سے پتہ چلا کہ 500 ملین کی فروخت کم ظاہر کی گئی ہے تاکہ ٹیکس ادا نہ کرنا پڑے۔ ریکارڈ قبضے میں لے کر مینوفیکچرنگ یونٹ کے مالکان کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

ایک اور آپریشن میں ڈائیریکٹوریٹ انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن حیدر آباد کے انفورسمنٹ سکواڈ نے ضلع عمر کوٹ میں واقع سگریٹ ڈسٹری بیوٹر کے گودام پر چھاپہ مارا اور غیر قانونی سگریٹس کے  253 کارٹن قبضے میں لے لئے جن کی مالیت 70 لاکھ روپے بنتی ہے۔

اسی طرح ڈایریکٹوریٹ انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر ملتان نے نقشبند فوڈز نامی مینو فیکچرنگ یونٹ ملتان میں چھاپہ مارا، ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ مینو فیکچرنگ یونٹ سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ نہیں ہے، چھان بین پر 30 ملین کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here