لاہور: گوگل نے آئندہ سال سے گوگل ہینگ آؤٹس (Hangouts) کو بند کر کے گوگل چیٹ (Google Chat) متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، صارفین اب مفت میں گوگل چیٹ کے ذریعے پیغام رسانی کی سہولیات استعمال کرسکیں گے۔
گوگل کا یہ اقدام غیرمتوقع نہیں کیونکہ اس سے قبل 2018ء میں بھی کمپنی نے ایسے ہی اقدام کا اعلان کیا تھا۔
گوگل چیٹ صارفین کو پیغام رسانی کی سروسز فراہم کرتی ہے جو صرف گوگل ورک سپیس کو ادائیگی کرنے والے صارفین ہی چلا سکتے تھے تاہم اب گوگل نے اپنے صارفین کو یہ سروس مفت دینے کا اعلان کیا ہے، یہ سروس موبائل ایپ کی صورت دستیاب ہو گی اور جی میل کے ساتھ منسلک کی جائے گی۔
گوگل چیٹ کے فیچرز بھی ہینگ آؤٹس کے فیچرز کی طرز پر رکھے گئے ہیں جس سے صارفین براہِ راست یا گروپ کی شکل میں بات چیت کرسکتے ہیں، فیچرز میں ایموجی، تیزترین تلاش، ان باکس اور تجویز کردہ ریپلائز کی آپشنز ہوں گی۔
گروپ کی صورت میں چیٹ کرنے والوں کے لیے خصوصی فیچرز ڈیزائن کیے گئے ہیں، ان میں فائلز اینڈ ٹاسکس کے ساتھ ساتھ نیو سکیورٹی ٹولز کی آپشنز بھی شامل کی گئی ہیں۔
گوگل کی بلاگ پوسٹ کے مطابق ہینگ آؤٹس کی چیٹ میں تبدیلی 2021ء کی پہلی ششماہی میں شروع کی جائے گی، ہینگ آؤٹس صارفین کی تمام بات چیت، رابطوں اور ہسٹری کو خودبخود گوگل چیٹ میں بدل دیا جائے گا۔