مونٹریال: ملٹی نیشنل آٹو موبائل گروپ فیاٹ کرسلر (Fiat Chrysler Automobiles) نے کینیڈا کی ٹریڈ یونین کے ساتھ الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری اور روزگار کے دو ہزار نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے تین سالہ سرمایہ کاری معاہدہ کیا ہے۔
کینیڈا کی کاریں تیار کرنے والی ٹریڈ یونین یونیفور (Unifor) کے صدر جیری ڈیاس نے ایک بیان میں بتایا کہ فیاٹ کرسلر جنوبی اونٹاریو کے ونڈسر پلانٹ میں 1.5 ارب کینیڈین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی جس کی مدد سے 2025ء تک برقی کار کا نیا ماڈل تیار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 2024ء میں ونڈسر پلانٹ میں دو ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ برمپٹن شہر کے مینوفیکچرنگ پلانٹ میں 50 ملین کینیڈین ڈالر کی سرمایہ کاری سے کاروں کے اضافی ماڈل تیار کئے جا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یونیفور کے کارکن معاہدے پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے جبکہ امریکی ملٹی نیشنل آٹو کمپنی فورڈ کے کارکنوں کی تنخواہوں میں پانچ فیصد اضافہ بھی معاہدے کا حصہ ہے۔
معاہدے کی تجدید کے لئے یونیفور اگلے ہفتےامریکی کارپوریشن جنرل موٹرز کے ساتھ بات چیت کا ارادہ رکھتی ہے۔