اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے لیے 48.9 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ نے مالی سال 2020-21ء کے دوران سی ڈی اے کے بجٹ تخمینے کے حوالے سے مالی سال 2019-20ء کے تخمینے پر نظر ثانی کرکے سمری پیش کی۔
ذرائع نے بتایا کہ سی ڈی اے نے مالی سال 2020-21 کے لیے 48.9 ارب روپے بجٹ کی تجویز دی تھی جس میں 8.4 ارب روپے کی حکومتی گرانٹس اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 5.8 ارب روپے بھی شامل تھے۔
مالی سال 2019-20 میں سی ڈی اے نے 19.2 ارب روپے کی گرانٹس حاصل کی تھیں، سی ڈی اے کو مختلف منصوبوں سے مجموعی طور پر 7.3 ارب روپے منافع بھی ہوا تھا۔
ایک اعلیٰ عہدیدار نے پرافٹ اردو کو بتایا کہ بہتر وصولیوں اور نیلامی کی وجہ سے رواں مالی سال کے دوران 27 ارب روپے تک مزید منافع کی توقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے نے گزشتہ چار سالوں میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو اخراجات کے لیے 22 ارب روپے کے قرضے منتقل کیے اور آمدن کے طور پر پانچ ارب روپے وصول کیے۔ اس دوران وفاقی کابینہ نے مالی سال 2020ء کے لیے سی ڈی اے کو 561 ملین روپے کی واجب الادا رقم منتقل کرنے کی منظوری بھی دی۔