لاہور: وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا، آج پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے جمعرات کو گورنر ہاﺅس لاہور میں کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات کی، اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور‘ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے تک پہنچ گیا‘ پی ٹی آئی کی حکومت نے عمران خان کی قیادت میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں ناقص منصوبہ بندی کی بدولت ملکی برآمدات زیرو سے بھی کم رہیں اور ملکی انڈسٹری خسارے کا شکار ہو گئی۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس شوق سے نہیں مجبوری کے تحت گئے‘ مشکل معاشی صورتحال سے نکلنے کےلئے حکومت کو سخت فیصلے کرنا پڑے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اب معاملات بہت بہتر ہو چکے ہیں‘ پاکستان کی مستحکم معیشت کا آج پوری دنیا اعتراف کر رہی ہے‘ ایسے معاشی اقدامات کر رہے ہیں جس سے پائیدار اور مستحکم معیشت ابھرے اور حکومت سے وابستہ امیدیں پوری ہوں۔ روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کےلئے حکومت موثر اقدامات کر رہی ہے۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حکومتی قرضے بڑھے ہیں‘ حکومت نے 5 ہزار ارب روپے کے قرضے واپس بھی کئے ہیں‘ بیرونی خسارے کو 20 ارب ڈالر سے 3 ارب ڈالر تک لایا گیا ہے‘ نان ٹیکس ریونیو 11 ہزار ارب سے 15 ہزار ارب تک پہنچایا گیا ہے۔ حکومتی اخراجات میں کمی کر کے قومی خزانہ پر بوجھ کم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے برآمدات پر ٹیکسز میں خاطر خواہ کمی کےلئے ایسی مثبت پالیسیاں بنائیں تاکہ ملکی انڈسٹری کو اپنی پراڈکٹس بیرون ممالک برآمد کرنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے ‘ ہمیں پرائیویٹ سیکٹر کو مضبوط کرنا ہو گا۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ ماضی میں ملکی معیشت کو جو پائیداری اور استحکام نہ مل سکا، موجودہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ نہ صرف ملکی معیشت کو پائوں پر کھڑا کیا جائے بلکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گندم کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ ملک زیادہ طلب ہے جس کی وجہ سے گندم باہر سے منگوانی پڑی‘ ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، مہنگائی کو کم کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان بھی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں، حکومت بہت جلد مہنگائی پر بھی قابو پا لے گی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ کرونا وائرس سے پہلے تحریک انصاف کی حکومتی کارکردگی کو دنیا بھر نے سراہا‘ پاکستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی میں بزنس کمیونٹی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے‘ بزنس کمیونٹی کےلئے میرے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں‘ تاجر برادری کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
قبل ازیں چیمبر آف کامرس اور تاجر برادری کے وفد نے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا‘حکومتی شخصیات نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔