بلوچستان، او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر حملہ، چھ اہلکار جاں بحق

شمالی وزیرستان کے علاقہ رزمک میں فوجی قافلے پر آئی ای ڈی سے حملہ، ایک کیپٹن اور پانچ جوان جان کی بازی ہار گئے

745

کوئٹہ: بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کم از کم چھ اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

یہ حملہ ضلع گوادر سے 300 کلومیٹر کے فاصلے پر تحصیل اورماڑہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر ہوا جس کے بارے میں فی الحال تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

تاہم وزیراعظم عمران خان نے او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق عمران خان نے حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے شہداء کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لئے بلندی درجات کی دعا کی۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بھی برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں حملے کے نتیجے میں چھ  اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے، شرپسند عناصر کو ان کے عزائم میں ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

آئی ایس پی آر

دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقہ رزمک میں شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے پر دیسی ساختہ ریموٹ کنڑول ڈیوائس (آئی ای ڈی) سے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایک افسر اور پانچ جوان جان کی بازی ہار گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کیپٹن عمر فاروق، نائب صوبیدار ریاض احمد، نائب صوبیدار شکیل آزاد، حوالدار یونس خان، نائیک محمد ندیم اور لانس نائیک عصمت اللہ شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here