کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں دوہرا رجحان رہا لیکن کاروبار کا اختتام 137 پوائنٹس اضافے سے 40144 پوائنٹس پر ہوا۔
عالمی ایکویٹی مارکیٹ میں ملا جلا رجحان رہا جبکہ خام تیل کی قیمتیں گزشتہ روز کے مقابلے میں قدرے کم ہوئیں، ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ کی قیمت 0.37 فیصد گراوٹ سے 40.05 ڈالر جبکہ برینٹ کروڈ کی قیمت بھی 0.26 فیصد کم ہو کر 42.34 ڈالر پر آگئی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں 160 پوائنٹس کم ہونے سے 39845 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا اور 177 پوائنٹس اضافے سے انڈیکس 40183 پوائنٹس پر آگیا۔ کاروبار کا اختتام 137 پوائنٹس اضافے سے 40144 پوائنٹس پر ہوا۔
دیگر اعشاریوں کے مابین کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 153 پوائنٹس اضافہ جبکہ کے ایس ای آل شئیرانڈیکس میں 101 پوائنٹس اضافہ ہوا، دونوں اعشاریے بالترتیب 63928 اور 28473 پوائنٹس پر بند ہوئے۔
گزشتہ کاروباری روز (منگل) کے دوران مجموعی مارکیٹ حجم 290 ملین شئیرز سے کم ہو کر 232 ملین شئیرز پر آگیا تھا، ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ، یونیٹی فوڈز لمیٹڈ اور ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر برتر دکھائی دیے۔
کھاد، ٹیکسٹائل اور سیمنٹ کے شعبے مؤثر ثابت ہوئے، دیگر کمپنیوں کے مابین الائیڈ بینک لمیٹڈ، حب پاور کمپنی لمیٹڈ اور پاک پیٹرولیم لمیٹڈ بھی کاروبار کے دوران سرفہرست رہے۔
اس دوران پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ نے مالی سال 2020 کی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج کا اعلان کیا ہے، کمپنی کی سالانہ اعتبار سے فروخت 0.22 فیصد سے اضافے سے 8 ارب ریکارڈ کی گئیں جبکہ دیگر آمدن میں 34 فیصد کمی ہوئی۔ مالی لاگت میں سالانہ اعتبار سے 16 فیصد اضافہ ہوا، کمپنی کو تیسری سہ ماہی میں 0.27 روپے فی شئیرآمدن ہوئی۔