کراچی: سندھ کابینہ نے 16 اکتوبر سے سرکاری ذخائر سے گندم فلور ملز کے لیے جاری کرنے کی منظوری دیدی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی حکومت کی گندم جاری کرنے کی پالیسی کی منظوری دی گئی۔
صوبائی کابینہ نے گندم کی فی تھیلہ قیمت 3687.50 روپے مقرر کی تھی اور صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ کو گندم کی فی بوری مذکورہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔
گزشتہ سال سندھ نے 27 اکتوبر کو سرکاری ذخائر سے گندم فلور ملز کے لیے جاری کی تھی۔
اسی دوران وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو منڈی میں آٹے کی قیمت کو مستحکم رکھنے کے لیے کئی بار سرکاری گندم کے ذخائر جاری کرنے کی درخواست کی تھی لیکن اس کے مسلسل انکار کے باعث مسائل پیدا ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سندھ حکومت جلد سے جلد گندم ریلیز کر دیتی تو آٹے کی قیمت کم ہو چکی ہوتی، وفاق نے صوبائی حکومت کو اپنے ذخائر سے گندم جاری کرنے کے لیے دو بار خطوط لکھے تھے۔