اسلام آباد: ملک میں زرعی ٹریکٹروں کی فروخت میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 14.76 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لیکر ستمبر 2020ء تک کی مدت میں ملک میں 11 ہزار 235 ٹریکٹروں کی پیداوار اور 10 ہزار 713 زرعی ٹریکٹروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ملک میں 9 ہزار 589 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور 9 ہزار 395 یونٹس ٹریکٹروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
اعدادوشمارکے مطا بق ستمبر 2020ء میں ملک میں چار ہزار 555 زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور چار ہزار 256 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ سال ستمبر میں ملک میں 4,016 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور تین ہزار 761 یونٹس کی فروخت دیکھنے میں آئی تھی۔
جولائی سے لیکرستمبر 2020 تک کی مدت میں فئیٹ کے تین ہزار 475، میسی فرگوسن کے سات ہزار 475 اور اورئنٹ آئی ایم ٹی کے 13 یونٹس کی فروخت دیکھنے میں آئی۔