اسلام آباد: پاور ڈویژن نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 2.89 روپے فی یونٹ اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
پاور ڈویژن کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے پاور ایکٹ 1997ء کے سب سیکشن (7) 31 کے تحت نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی تجویز پر غور کرتے ہوئے یکم ستمبر 2020ء سے سہ ماہی کی بنیاد پر ٹیرف میں ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دیدی۔
یہاں یہ مدِنظر رہے کہ وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی ای) نے پاور ڈویژن کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر غوروخوض کے دوران کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے یکم ستمبر 2020ء سے ٹیرف ریشنلائزیشن میں 2.89 روپے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
کے الیکٹرک کو جولائی 2016ء سے مارچ 2019ء تک کی 11 سہ ماہیوں میں ایڈجسٹمنٹس کرنا پڑیں گی، ٹیرف میں فرق کی بنیاد پر کے الیکٹرک کو 4.7 ارب روپے کی سبسڈی بھی فراہم کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے:
بجلی کی پیداوار کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی
کے الیکٹرک کے سابق سربراہ وزیراعظم کے مشیرخصوصی برائے توانائی مقرر
بجلی کی قیمت میں اضافے کے ساتھ کے الیکٹرک کا ٹیرف بجلی کی دیگر ترسیلی کمپنیوں کے ٹیرف کے برابر ہو جائے گا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے نرخ اوسط فی یونٹ 12.81 روپے سے بڑھ کر 15.70 روپے فی یونٹ ہو جائی گے جو دیگر ترسیلی کمپنیوں کے ٹیرف کے برابر ہے۔