اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پینل پر وکلاء اور قانونی مشیروں کی تعیناتی کی پالیسی منظور کر لی۔
ترجمان ایف بی آر نے منگل کو ایک بیان میں بتایا کہ 1973ء کے رولز آف بزنس میں ترمیم کے باعث ایف بی آر کو لیگل ایڈوائزرز اور وکلاء کی تعیناتی کے اختیارات کے بعد ایف بی آر نے لیگل ایڈوائزرز اور پینل پر وکلاء کی تعیناتی کی پالیسی کی منظوری دیدی ہے۔
پالیسی کی منظوری بورڈ ان کونسل کے 25 ستمبر کو ہونے والے چھٹے اجلاس میں دی گئی۔ پالیسی میں وکلاء اور لیگل ایڈوائزرز کی اہلیت، تجربہ اور طریقہ انتخاب کے بارے میں تفصیل سے وضاحت کی گئی ہے۔
پالیسی کے تحت وکلاء اور لیگل ایڈوائزرز کی تعیناتی بذریعہ اشتہار میرٹ پر ہو گی۔ پالیسی میں کارگردگی ، ضابطہ اخلاق اور ایف بی آر کے پینل سے ڈی نوٹیفائی ہونے سے متعلق بھی وضاحت درج ہے۔