ہوسٹن: سمندری طوفان ڈیلٹا امریکی ریاست ہوسٹن کے ساحل سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے ساحلی علاقے میں قائم آئل ریفائنریز کو بند کرنا پڑا۔
سمندری طوفان ڈیلٹا نے کیٹگری ٹو اختیار کر لی ہے، لوزیانا سٹیٹ کے قصبے کریولے (Creole) کے قریب جب یہ طوفان رات گئے 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹکرایا تو تین ریاستوں میں سات لاکھ کے قریب گھروں اور کاروباروں کی بجلی بند ہو گئی، بے رحم طوفانی ہواؤں نے گھروں کی چھتوں کو اکھاڑ پھینکا، طوفان کے مرکز سے مغرب میں 65 میل دور ٹیکساس کی پورٹ آرتھر پر بھی تمام آپریشنز بند کرنا پڑے۔
سمندری طوفان کی وجہ سے ٹوٹل ایس اے نامی آئل ریفائنری میں بجلی کی بندش کے باعث دو لاکھ 25 ہزار 500 بیرل کا نقصان ہوا جبکہ Valero انرجی کارپوریشن کے تین لاکھ 35 ہزار بیرل کے پلانٹ کا کولنگ ٹاور تباہ ہو گیا، اسی طرح Motiva انٹرپرائزز نے اپنی 6 لاکھ بیرل فی دن پیداوار والی ریفائنری کا ایک یونٹ طوفان کی وجہ سے بند کر دیا۔
اس کے علاوہ سمندری طوفان نے کئی آئل ریفائنریز اور ایل این جی پلانٹس پر تباہی مچائی جس میں ملازمین کو طوفان کے پیش نظر بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا البتہ ان پلانٹس پر آپریشنز کے دوبارہ سے آغاز پر کچھ ہفتے لگیں گے۔