کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کراچی کے گرین لائن منصوبے کے لیے بجلی سے چلنے والی بسوں کی خریداری میں دلچسپی لے رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس بات کا اظہار صوبائی کوآرڈینیشن اینڈ امپلی مینٹیشن کمیٹی (پی سی آئی سی) کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں میٹروپولیٹن شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کے علاوہ گرین لائن پروجیکٹ کے لیے بجلی سے چلنے والی بسوں کی خریداری کے راستوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بسیں نجی کمپنی کی جانب سے فعال کی جائیں گی، ترقیاتی منصوبے کو مکمل کرنے کی ٹائم لائن مقرر کرنے کے علاوہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے 106 سٹرکوں کی مرمت بھی شامل کی گئی۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بجلی پروجیکٹ کی ویسٹ شروع کرنے کے لیے جلد ضروری اقدامات کیے جائیں گے، اجلاس کے دوران گندگی کے ڈھیروں کو اٹھانے کے حوالے سے بتایا گیا کہ کراچی میں 15 گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن (جی ٹی ایس) میں سے صرف چھ فعال ہیں، دیگر اسٹیشن کی تعمیر نو یا بحالی پر اتفاق کیا گیا۔
اس دوران اجلاس میں بتایا گیا کہ پانچ نالوں پر سروے مکمل کیا چکا ہے۔ گجر نالہ 1.3 کلومیٹر طویل جبکہ 210 فٹ چوڑا ہے جہاں 5961 گھروں کے 41581 افراد رہائش پذیر ہیں، اس کے علاوہ مذکورہ نالے کے ساتھ 2412 کمرشل یونٹس تعمیر کیے گئے ہیں۔ اورنگی نالہ 12.5 کلومیٹر طویل جبکہ 100 سے 150 فٹ چوڑا ہے، نالے کے اطراف میں 4480 گھروں کے 27 ہزار افراد رہائش پذیر ہیں اور اطراف میں 380 فیکٹریاں تعمیر کی گئی ہیں۔
اسی طرح محمود آباد نالے کی لمبائی 4.1 کلومیٹر اور چوڑائی 100 سے 200 فٹ ہے جہاں 1049 گھروں کے 5900 افراد رہائش پذیر ہیں اور آس پاس 156 کمرشل یونٹس واقع ہیں۔
اجلاس میں صوبائی وزراء ناصر شاہ اور اویس قادر شاہ، کراچی کورپس کمانڈر ہمایوں عزیز، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ اور کراچی جی او سی میجر جنرل عقیل نے شرکت کی۔