اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے ملک بھر کے بینکوں کے صدور اور سربراہان نے ملاقات کی۔
ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار اور گورنر سٹیٹ بنک نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم میڈیا آفس سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار کی جانب سے کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نے نوجوانوں کو کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے تین سالوں کے لئے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
اس حوالے سے اب تک چار لاکھ 70 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن کی بروقت جانچ پڑتال کرکے قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پروگرام کی خاصیت یہ ہے کہ اس سکیم کے تحت پڑھے لکھے نوجوان براہ راست بنکوں کو درخواستیں دے رہے ہیں اور میرٹ کو مدنظر رکھ کر نہایت شفاف طریقے سے نوجوانوں کو اپنے کاروبار کے لئے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر کے 21 بنک اس سکیم میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں اور بنکوں کی جانب سے اس سال 15 ارب روپے قرضوں کی مد میں فراہم کیے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
اجلاس میں بنکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی کے عمل کو آسان بنانے، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے اور اس سکیم کی ذرائع ابلاغ کے ذریعے تشہیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے تمام بنکوں کے صدور اور سربراہان کی جانب سے کامیاب نوجوان سکیم میں بھرپور شمولیت اور دلچسپی کے اظہار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کے بعد اب نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بنکوں کا تعاون قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں اور اس اثاثے کو اپنی صلاحیتوں کو استعمال میں لانے کے حوالے سے بنکوں کا تعاون نہایت اہم ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نہ صرف نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے بنکوں کو سبسڈی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ بنکوں کو پیش آنے والی ہر مشکل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کے فروغ کے حوالے سے تعمیراتی شعبے، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کا فروغ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی معاونت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں بنکوں کا بھرپور تعاون درکار ہے۔
قرضوں کی بلا تعطل فراہمی اور اسکیم کو کامیاب بنانے کے حوالے سے اجلاس میں ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک کی زیر صدارت اعلیٰ سطح سٹیرنگ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم پر پیش رفت کی رپورٹ وزیرِ اعظم کو باقاعدگی سے پیش کی جائے گی۔