مہنگائی کیخلاف حکومتی پالیسی پر آئندہ ہفتے سے عملدرآمد شروع ہو جائے گا: وزیراعظم

موٹر وے ریسٹ ایریاز میں کھانے پینے کی اشیاء کی زائد قیمتوں پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس، رپورٹ طلب

87

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے موٹر وے ریسٹ ایریاز میں کھانے پینے کی اشیاء کی زائد قیمتوں پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔

زائد قیمتوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ہفتہ کو وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیاء کی زائد قیمتوں کے حوالے سے شکایات کا نوٹس لیا ہے۔

وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، این ایچ اے اور آئی جی موٹروے کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موٹر وے ریسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں، جو ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں۔ ٹیمیں ضرورت کے مطابق ضلعی انتظامیہ سے کسی بھی وقت مدد لے سکتی ہیں۔

موٹر وے ریسٹ ایریاز پر مسافروں اور سیاحوں کی آگاہی کے لیے بینرز آویزاں کیے جائیں۔ سیٹیزن پورٹل پر شکایات کی آگاہی سے متعلق بھی ریسٹ ایریاز میں اقدامات کیے جائیں۔

وزیر اعظم آفس نے متعلقہ حکام کو 21 روز میں ابتدائی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اقدامات کی تکمیل سے پہلے اور بعد کی تقابلی رپورٹ بھی وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں گے، آئندہ ہفتے سے اس ضمن میں حکومتی حکمت عملی پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔

اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں، آئندہ ہفتے میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے لئے تمام اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ اشیاء کی رسد میں واقعی کمی ہے یا اس کی وجہ ذخیرہ اندوزی ہے، یہ بھی دیکھنا ہے کہ کیا عالمی منڈی میں پام آئل، دالوں اور دوسری اشیاء کی قیمتوں میں کوئی اضافہ ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے حکومتی حکمت عملی پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا، ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے لئے تمام اقدامات کریں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here