بجلی کی قیمتوں میں پھر اضافہ، خیبر پختونخوا کے تاجروں کے صبر کا پیمانہ لبریز

یک اکتوبر سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ تاجروں کے ساتھ سنگین زیادتی ہے، ملکی معیشت کا پیداواری شعبہ شدید متاثر ہوگا، حکومت نرخ بڑھا رہی ہے مگر لوڈشیڈنگ کا حل نہیں کر رہی : تاجر

1057

پشاور : سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں حالیہ 0.83 روپے فی یونٹ اضافے کو تاجروں کے ساتھ سنگین زیادتی قرار دے دیا۔

معاملے پر تاجروں کے وفد سے  گفتگو کرتے ہوئے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیرباز بلور کا کہنا تھا کہ سستی بجلی پیدا کرنے کے باوجود صوبہ وفاق سے انتہائی ظالمانہ نرخوں پر بجلی خرید رہا ہے جو اس کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے جہاں صنعتی شعبے کو مشکلات میں دھکیلا ہے، وہیں اس کی وجہ سے مہنگائی میں بھی کمر توڑ اضافہ ہو گیا ہے اور ان حالات میں غریب آدمی کے لیے پیٹ بھرنا بہت کٹھن ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے سامنے تاجروں کے مسائل، جن کا تعلق بجلی کی قیمتوں، گیس کی فراہمی، کورونا کے باعث شادی ہالز اور دیگر کاروباروں کی بندش سے ہے، اُٹھانے کے لیے جلد ہی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے :

حکومت کا افغانستان، ایران کی سرحدوں کے ساتھ مارکیٹیں قائم کرنے کا فیصلہ

ستمبر میں پاکستان کے تجارتی خسارے میں 19.5 فیصد اضافہ

تاجروں کے وفد سے گفتگو میں شیرباز بلور کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر سے بجلی کے نرخوں میں اضافہ ملکی معیشت خاص کر اس کے پیداواری شعبے کو بری طرح متاثر کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کی قیمت میں مسلسل اضافہ تو کر رہی ہے مگر صنعتوں کو سپلائی کے مسائل کا سامنا ہے، ٹرپنگ، وولٹیج کی کمی ، لوڈ شیڈنگ جیسے معاملات کا کوئی حل نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے حکومت سے بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے اور صنعتوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔

صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیرباز بلور سے ملاقات کرنے والے تاجروں کے وفد میں آل پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے ممبران، صدر خالد ایوب، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے سینئیر نائب صدر انجینئر معذور الہی ، شفیع مارکیٹ پشاور کے صدر اکبر علی و دیگر شامل تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here