عدالت کا قراقرم بینک کا سٹیٹ بینک سے الحاق کرکے گلگت بلتستان مائیکرو فنانس بینک قائم کرنے کا حکم

چیف سیکرٹری، سیکرٹری فنانس کا سٹیٹ بینک کی شرائط پوری کرنے کا حکم، رکاوٹیں ڈالنے والے توہین عدالت کے مرتکب ہوں گے، چیف کورٹ کا 18 صفحاتی فیصلہ جاری

1043

گلگت:  چیف کورٹ گلگت بلتستان نے قراقرم کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کا سٹیٹ بینک آف پاکستان سے الحاق کرکے گلگت بلتستان مائیکرو فنانس بینک قائم کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے اس حوالے سے 18 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے، تفصیلی فیصلہ معاملے کی سماعت کرنے والے بینچ کے سربراہ چیف جسٹس ملک حق نواز نے تحریر کیا ہے۔

گلگت بلتستان چیف کورٹ کے چیف جسٹس ملک حق نواز اور جسٹس علی بیگ پر مشتمل دو رکنی بینچ  نے قراقرم کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کا سٹیٹ بینک سے الحاق کرکے گلگت بلتستان مائیکرو فنانس بینک قائم کرنے کے خلاف قراقر م کوآپریٹو بینک کے شیئر ہولڈرز کی رٹ پٹیشن کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا۔

عدالت نے قراقرم بینک لمیٹڈ کے ذمہ داران کی پٹیشن کو منظور کر کے قراقرم بینک کا سٹیٹ بینک سے الحاق کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ قراقرم بینک کو گلگت بلتستان مائیکرو فنانس بینک بنانے کے لئے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری فنانس سٹیٹ بینک کی شرائط کو پورا کریں۔

عدالت نے مفاد عامہ میں چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومت بینک کے 80 فیصد شیئرز خریدے جبکہ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ مائیکرو فنانس بینک قائم کرنے کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے توہین عدالت کے مرتکب تصور کئے جائیں گے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ چیف سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری فیصلے پر عملدرآمد کے لئے ذاتی دلچسپی لیں اور سٹیٹ بینک سے رابطہ کرکے فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات یقینی بنائیں۔

چیف کورٹ نے فیصلے میں مالی سال 2020-21ء کے لئے مختص چار ملین روپے کے فنڈز استعمال کرنے اور بینک کے نومنتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد کرنے کا بھی حکم جاری کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here