روم: اٹلی کی ایک کمپنی نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایسی منفرد موٹرسائیکل تیار کی ہے جس میں ریڈار سسٹم لگایا گیا ہے جو سواروں کو دوران سفر بہترین حفاظتی سہولت فراہم کرے گا۔
اطالوی خبررساں ادارے کے مطابق یہ دنیا کی پہلی ریڈار ٹیکنالوجی سے لیس موٹر سائیکل ہے جس میں منفرد ریڈار ٹیکنالوجی نصب ہے، ہر ریڈار کا وزن 190 گرام ہے اور اس کا حجم ایک ایکشن کیمرے جتنا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس ریڈار کی وجہ سے موٹرسائیکل سواروں کو کوئی پریشانی پیش نہیں آئے گی، یہ ریڈار سڑک پر دیگر سواریوں سے خودکار طور پر فاصلہ رکھنے میں مدد دے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ راڈار سسٹم اس وقت متحرک ہوتا ہے جب موٹرسائیکل کی رفتار 16 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان ہوتی ہے۔ یہ سسٹم اطراف میں موجود خاص فاصلے پر گاڑیوں کو اسپاٹ کر لیتا ہے، ریڈار اس وقت آپ کو آگاہ کرے گا جب دیگر گاڑیاں تیز رفتاری سے موٹر سائیکل کی جانب بڑھ رہی ہوں گی۔ موٹرسائیکل پر نصب کیمرے موٹرسائیکل سوار کو حادثے سے بچائیں گے۔