اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹیرف پالیسی بورڈ نے مزید 150 اشیاء پر اضافی کسٹم ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کر دی ہے۔
اس حوالے سے ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’نینشل ٹیرف پالیسی بورڈ نے ٹیرف لائنز پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کیے جانے کے دوسرے مرحلے میں کیمیکل اور منرل سیکٹر کی 150 اشیاء پر ان ڈیوٹیز میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ا٘مید ہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی رواں ماہ نینشل ٹیرف پالیسی بورڈ کےاس فیصلے کی منظوری دے دی گی۔
یہ بھی پڑھیے :
چین امریکہ تجارتی جنگ سے پاکستان کو فائدہ اٹھانا چاہیے: ایف پی سی سی آئی
ستمبر میں پاکستان کے تجارتی خسارے میں 19.5 فیصد اضافہ
انہوں نے کہا کہ منظوری ملنے کے بعد انجینئرنگ اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبہ جات میں نقائص کا جائزہ لیا جائے گا، نیشنل ٹیرف پالیسی بورڈ نے پلاسٹک سیکٹر کی ٹیکس چین کا بھی جائزہ لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک سیکٹر ٹیرف میں کمی کے تین سالہ پروگرام کا اہم حصہ ہے لہٰذا اس شعبے سے وابستہ کاروباری افراد ٹیرف میں کمی کی تجاویزسے حکومت کو آگاہ کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پیداواری شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے ٹیرف کوٹریڈ پالیسی کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔