ڈیجیٹل پلیٹ فارمز انسداد غربت میں معاون، فیس بک پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھائے: وزیراعظم

عمران خان سے فیس بک کی سی او او شیرائل سینڈ برگ کی ورچوئل میٹنگ، سرمایہ کاری، ڈیجیٹلائزیشن سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

526

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) شیرائل سینڈ برگ (Sheryl Sandberg) نے ورچوئل میٹنگ کی۔ اس موقع پر پاکستان میں فیس بک کی سرمایہ کاری اور لٹریسی کے اقدامات کو ڈیجیٹلائز کرنے سمیت کووڈ19-کے حوالے سے اشتراک کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں فیس بک کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کرے۔ انہوں نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ فیس بک جیسے دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پاکستانی نوجوانوں اور اداروں کو بین الاقوامی مواقع سے استفادہ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور یہ ادارے لوگوں کو غربت سے نکالنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر نفرت اور انتہا پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نفرت پر مبنی گفتگو اور خطابات کی آن لائن نشریات کے خلاف جنگ ایک اہم مسئلہ ہے۔ اس موقع پر فیس بک کی سرمایہ کاری اور رواں سال پاکستان میں مستحق طلباء کے لئے وظائف کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ورچوئل میٹنگ میں فیس بک کے عطیہ خون کے حوالے سے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ پاکستان میں فیس بک کی عطیہ خون کی سہولت کے اجراء کے بعد سے اب تک 50 لاکھ سے زیادہ افراد سائن اپ کر چکے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے حکومتی اقدامات میں فیس بک کی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

2019ء میں فیس بک انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے ساتھ شراکت دار تھی جس کا مقصد پاکستان میں مقامی سٹارٹ اپس کو تحقیقی لیبز اور سٹارٹ اپس سرکل پروگرامز میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ یہ شراکت داری اب بھی جاری ہے اور اس کے تحت ورچوئل ورکشاپ کے ذریعے پاکستان میں سٹارٹ اپس کی نگرانی کی جارہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان اور شیرائل سینڈ برگ نے فیس بک کے ”شی مینز بزنس پروگرام“ پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کے تحت پاکستان بھر میں تقریباً 6700 خواتین کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ ورچوئل ملاقات میں فیس بک کے نائب صدر برائے گلوبل افیئرز اینڈ کمیونیکیشنز نک کلگ‘ پاکستان میں فیس بک کے پبلک پالیسی کے سربراہ صارم عزیز کے علاوہ ڈیجیٹل میڈیا کے بارے میں وزیراعظم کے فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور شیرائل سینڈ برگ نے رواں سال جنوری میں ڈیوس سوئٹزر لینڈ میں ملاقات کی تھی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here