جنیوا: عالمی ادارہ تجارت (ڈبلیو ٹی او) کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے انتخاب کے آخری مرحلہ میں دو خواتین بھی میدان میں آ گئیں۔
ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے سربراہ کے عہدے کے لیے ان دو خواتین امیدواروں میں نائیجیریا کی نگھوزی اوکنجو ایوالو اور جنوبی کوریا کی یومیونگ ہی شامل ہیں۔
ڈبلیو ٹی او کے ترجمان کیتھ راک ویل نے جنیوا میں ادارہ کے ہیڈ کوارٹرز میں صحافیوں کو اس نئی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نگھوزی اوکنجو ایوالو اور یو میونگ ہی مشاورت کے حتمی اور تیسرے مرحلے میں ڈبلیو ٹی او کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے لیے بطور امیدوار ابھری ہیں جبکہ سعودی عرب کے مزعید التوعجیری، کینیا کی آمنہ محمد اور برطانیہ کے لیام فوکس مقابلے کے دوسرے مرحلے میں دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق مقابلے کے لیے مشاورت کا حتمی اور تیسرا مرحلہ 19 کتوبر سے شروع ہو گا جو 27 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
عالمی ادرہ تجارت کے نئے سربراہ کے لیے معاملہ رواں سال 14 مئی کو اس وقت شروع ہوا جب سابق ڈائریکٹر جنرل رابرٹ ازاویدو نے ادارہ کے ارکان کو آگاہ کیا کہ وہ اپنی مدت پوری ہونے سے ایک سال قبل ہی اپنے عہدے سے سبکدوش ہونا چاہیں گے۔
انہوں نے اگست کے آخر میں اپنے عہدے کو چھوڑ دیا اور ڈائریکٹر جنرل کی کرسی خالی ہو گئی۔ اس عہدے کے لیے نئی نامزدگیوں کا عمل 7 جون سے شروع ہوا اور 8 امیدوار مقابلے کے لیے نامزد کیے گئے، آئندہ ماہ کی 7 تاریخ سے قبل مشاورت اور کثرت رائے سے اس عہدے کے لیے نئے شخص یا خاتون کا انتخاب مکمل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ ڈبلیو ٹی او کی تاریخ میں اب تک کسی خاتون کو ادارہ کا سربراہ مقرر نہیں کیا گیا۔