کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں زبردست تیزی رہی اور کاروبار کا اختتام بھی 625 پوائنٹس اضافے سے 42647 پوائنٹس پر ہوا۔
دوسری جانب گلوبل ایکویٹی مارکیٹ کی کارکردگی ملی جلی رہی جبکہ خام تیل کی قیمت گزشتہ روز کی نسبت معمولی کم ہوئی، ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ کی قیمت 1.81 فیصد گراوٹ سے 37.36 ڈالر اور برینٹ کروڈ کی قیمت 1.40 فیصد خسارے سے 40.20 ڈالر پر آ گئی۔
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ میں دن بھر مثبت رجحان رہا، زیادہ تر آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ، ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن اور بینکنگ کے شعبوں میں تیزی رہی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس دن بھر گرین زون میں رہا، 874 پوائنٹس اضافے سے انڈیکس 42896 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک گیا۔ تاہم کاروبار کا اختتام 625 پوائنٹس اضافے سے 42647 پوائنٹس پر ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 938 پوائنٹس اضافے سے یہ 68399 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیرانڈیکس 517 پوائنٹس اضافے سے 30380 پوائنٹس پر بند ہوا۔
گزشتہ کاروبای سیشن (منگل) کے دوران مجموعی مارکیٹ حجم 707.01 ملین شئیر سے بڑھ کر 884.94 ملین شئیرز ہو گئے ہیں، پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل لمیٹڈ، ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ اور ورلڈ کال ٹیلی کام کاروبار کے دوران سرِ فہرست رہے۔
سیمنٹ، بینکنگ اور آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کے شعبے مستحکم رہے جبکہ کمپنیوں کے مابین لکی سیمنٹ لمیٹڈ، ایم سی بی لمیٹڈ اور حب پاور کمپنی نے مثبت انداز میں حصہ ڈالا۔