فلور ملز مالکان نے آٹا ایک بار پھر مہنگا کر دیا

895

لاہور: لاہور میں فلور ملز مالکان نے ایک بار پھر آٹے کی قیمت میں دو روپے فی کلوگرام اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

پرافٹ اردو کی جانب سے ایک سروے کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آٹے کی فی کلو گرام قیمت 76 روپے سے بڑھ کر 78 روپے فی کلو گرام ہو گئی ہے، قیمتیں بڑھنے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اچھرہ کے رہائشی محمد افضل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہریوں کو کسی بھی قسم کا ریلیف نہیں دیا گیا۔ آٹا بنیادی ضرورت ہے، اس کی قیمت میں دن بدن اضافہ تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ناقص پالیسیاں بنا رہی ہے جس کے نتیجے میں صرف مہنگائی بڑھ رہی ہے، حکومت کو آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر نوٹس لے کر شہریوں کو ریلیف دینا چاہیے۔

گوالمنڈی کے رہائشی محمد تاج نے نمائندہ پرافٹ اردو کو بتایا کہ ان کی ماہانہ آمدنی 15 ہزار روپے ہے اوروہ آٹے کی قیمت میں اضافے اور عدم دستیابی پر پریشان ہیں۔

’آٹے کی قیمتوں میں دن بدن اضافے سے عام آدمی کے لیے آٹا خریدنا مشکل ہو گیا ہے، آمدنی کم ہونے جبکہ افراطِ زر میں اضافے کے باعث غریب آدمی پریشان ہے، حکومت نے عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے بڑے بڑے دعوے کیے لیکن عملی طور پر کچھ بھی نظر نہیں آرہا۔‘

لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمان نے بتایا کہ پنجاب میں گندم کی شدید قلت کی وجہ سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ غلہ منڈی میں 40 کلوگرام آٹے کی فی بوری کی قیمت 2500 روپے ہو گئی ہے جبکہ حکومت گندم بحران پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی ہے۔

یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ گزشتہ ماہ ملز مالکان نے آٹے کی قیمت میں چار روپے فی کلو گرام اضافہ کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here