وزیراعظم کی توانائی چیلنجز حل کرنے کیلئے مربوط اور جامع حکمت عملی اپنانے کی ہدایت

تیل و گیس کے حوالے سے اجلاس میں ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن مینجمنٹ سسٹم پر بریفنگ، سرکاری و نجی کمپنیوں کے پاس موجود تیل کے ذخائر سے متعلق معلومات ایک ڈیٹابیس پر دستیاب ہوں گی

561

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو قیمتوں کے اضافی بوجھ سے بچانے کیلئے تمام سیکٹرز میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کر دی۔

وہ جمعہ کو ملک میں تیل اور گیس کی دریافت اور پیداوار میں اضافہ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وفاقی وزراء عمر ایوب خان، شبلی فراز، معاون خصوصی ندیم بابر اور سینئر افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق سیکرٹری پیٹرولیم نے اجلاس کو ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سسٹم کے نفاذ سے ملک میں تیل اور گیس کی مقامی پیداواری استعداد کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

یہ نظام حکومت پاکستان کے زیر نگرانی کمپنیوں اور پرائیویٹ کمپنیوں کے پاس موجود تیل اور گیس سے متعلقہ معلومات کو یکجا کر کے ڈیٹابیس پر مبنی ہو گا۔ اس نظام کی بدولت ملکی تیل اور گیس کے وسائل کو موثر اور کم لاگت میں عوام کے لیے دستیاب بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو درپیش توانائی کے چیلنجز کو حل کرنے کے لیے مربوط اور جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ سے تیل اور گیس کے ذخائر سے کم لاگت میں استفادہ حاصل کیا جا سکے گا۔ اس سسٹم کی بدولت قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ کو کم اور عوام کو سستے داموں پر تیل اور گیس کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عوام پر قیمتوں کے اضافی بوجھ کو کم کرنے کے لیے تمام سیکٹرز میں ٹیکنالوجی کو بروئے کارلایا جائے تاکہ پرانے طریقہ کار کے استعمال کے نتیجے میں ہونے والے ضیاع کو روکا جائے۔ اس ضمن میں بچت سے قومی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ بھی ہوگا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here