اسلام آباد: حکومت نے دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے 37 ہزار 419 ایکٹر کی مطلوبہ زمین میں سے 32 ہزار 139 ایکڑ زمین حاصل کر لی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق میگا پراجیکٹ کے لیے اب تک 86 فیصد زمین حاصل کی جاچکی ہے جبکہ ماڈل ویلیج کی نوآبادکاری کے لیے تعمیراتی کام ہرپن داس پر جاری ہے۔
اسی طرح، تھور پر پراجیکٹ کالونی کا تعمیراتی کام پہلے سے 85 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے، رائٹ بینک پیری فیری روڈ (آر بی پی آر) پر تعمیراتی کام بھی جاری ہے۔
آر بی پی آر ون اور ٹو کے لیے ٹھیکوں کے حوالے سے ابھی تک 86.50 فیصد اور 40 فیصد کام مکمل جبکہ آر بی پی آر تھری اور فور کی خریداری کے ٹھیکے دینے کا کام بھی جاری ہے۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ دیامیر بھاشا ڈیم ملک میں زرعی پیداوار بڑھانے، سیلاب کم کرنے اور کم لاگت کی ہائیڈل بجلی پیدا کرنے میں مدد کرے گا۔ ڈیم میں 8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے اور 4500 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے، منصوبے سے سالانہ 18.1 ارب یونٹس پیدا ہوں گے۔