واشنگٹن: دنیا میں آن لائن خرید و فروخت کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سرِفہرست ایمازون نے کہا ہے کہ اب تک اس کے 19 ہزار 800 سے زائد ملازمین کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔
ایمازون کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کمپنی کے 13 لاکھ 70 ہزار فرنٹ لائن ملازمین میں سے قریباً 20 ہزار عالمی وباء کا شکار ہوئے ہیں جن میں گروسری سٹور، ہول سیل فوڈ مارکیٹ کے ملازمین بھی شامل ہیں۔
ایمازون کے مطابق اس کے ملازمین میں بیماری کا تناسب اندازوں سے کم رہا ہے۔ کمپنی نے یہ اعداد و شمار ایسے موقع میں ظاہر کیے ہیں جب کمپنی کے لاجسٹکس سینٹرز کے بعض ملازمین نے کمپنی کی جانب سے وباء سے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور اعداد و شمار ظاہر کرنے میں پس و پیش پر تنقید کی تھی۔
ایمازون کے مطابق کمپنی نے اپنی 650 سائٹس پر کورونا ٹیسٹ کی تعداد بڑھا کر یومیہ 50 ہزار کر دی ہے۔