پی ایس ایکس حملہ: شہداء کے خاندانوں، زخمیوں میں امدادی رقم کے چیک تقسیم

576

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) پر 29 جون 2020ء کو ہونے والے دہشت گردی کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے شہید اور زخمی ہونے والے سپاہیوں کو جمعہ کو منعقد کی جانے والی ایک خصوصی تقریب میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

سٹاک ایکسچینج کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان کے نذرانے پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے شہداء کے ناموں کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی گئی۔ اور شہدا کے خاندانوں اور زخمی ہونے والوں کی مالی معاونت کے لیے امدادی رقوم کے چیک بھی تقسیم کیے گئے۔

دہشت گردوں کو ہلاک کرنے والوں اور حفاظتی فرائض پر مامور تمام اہکاروں میں بھی رقوم کے چیک تقسیم کیے گئے۔

پی ایس ایکس نے دوسرے ڈونرز کے تعاون سے ایک ایسا منصوبہ تشکیل دیا ہے جس کے ذریعے شہداء کے خاندانوں کی ایک طویل عرصے تک مالی امداد کی جاتی رہے گی۔

چیئرمین پاکستان سٹاک ایکسچینج بورڈ سلیمان ایس مہدی، پی ایس ایکس اراکین بورڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایکس فرخ ایچ خان، چیئرمین پاکستان سٹاک برکروز ایسوسی ایشن (پی ایس بی اے)عقیل کریم ڈھیڈی و دیگر اعلی انتظامی عہدیداروں اور دہشت گردی کے حملے کے متاثرین کے لیے امدادی فنڈ میں عطیات دینے والوں کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔

29 جون 2020 کی صبح دہشت گردوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ کر کے پاکستان کی معیشت کے اس اہم ستون کو نقصان پہنچانے اور تباہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ ایکسچینج کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے بہادری اور جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے ایکسچینج، اس کے اسٹاف ، بروکرز اور اس کے دورے پر آئے ہوئے دیگر افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا۔

اس موقع پر پی ایس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ ایچ خان نے شہداء، زخمیوں کی بہادری کا اعتراف کرتے ہوئے متاثرین کے لیے قائم امدادی فنڈ میں عطیات دینے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here