ستمبر میں سیمنٹ کی فروخت پچاس لاکھ ٹن ریکارڈ ہونے کا امکان

سیمنٹ کی فروخت میں اضافہ ملک میں ڈیموں کی تعمیر کے آغاز کے علاوہ وزیراعظم کی جانب سے پیکج کے اعلان کے بعد تعمیراتی شعبے کی سرگرمیوں کا بڑھنا ہے

544

لاہور : ماہ ستمبر میں سیمنٹ کی  فروخت پچاس لاکھ ٹن ریکارڈ ہونے کا امکان ہے جو کہ  گزشتہ ماہ  کی نسبت 42 فیصد اور گزشتہ سال کی نسبت سترہ فیصد زائد ہے۔

اس قدر اچھی فروخت کے باعث تیسری سہ ماہی میں انڈسٹری کی سیل ایک کروڑ چونتیس لاکھ ٹن تک پہنچ گئی ہے جو کہ گزشتہ برس کے اسی عرصے کی نسبت 20 فیصد زائد ہے۔

مقامی سطح پر ماہ  سمتبر میں 39 لاکھ ٹن سیمنٹ فروخت ہوا جوکہ گزشتہ سال کے اسی ماہ کی نسبت بارہ فیصد زائد ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

مسابقتی کمیشن کی کارروائیاں سرمایہ کاری کیلئے نقصان دہ : سیمنٹ مینوفیکچررز

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسررچ شنکر تالریجا کا پرافٹ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سیمنٹ کی کھپت میں اضافہ رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں تعمیراتی سرگرمیوں کی بحالی اورکنسٹرکشن کے شعبے کے لیے وزیراعظم کی جانب سے مراعاتی پیکج کی وجہ سے ہوا ہے۔

مزید برآں ملک میں مختلف ڈیمز کی تعمیر کا آغاز بھی اس کی ایک وجہ ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ رواں ماہ سیمنٹ کے شعبے کی برآمدات دس لاکھ ٹن سے تجاوز کرنے کا امکان ہے جوکہ گزشتہ سال کی بنیاد پر 39 فیصد جبکہ گزشتہ مہینے کی بنیاد پر 53 فیصد زائد ہے اور ایسا مالی سال 2010 کے بعد دیکھنے میں آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

ایف بی آر اور پی ایس ایم اے کے درمیان چینی کی پیداوار کی الیکٹرنک نگرانی کا معاہدہ

انکا کہنا تھا کہ لکی سیمنٹ کی فروخت نو لاکھ تیس ہزار ٹن ریکارڈ ہونے کا امکان ہے جو کہ گزشتہ ماہ کی بنیاد پر 49.8 فیصد زائد ہے۔ کمپنی کی اس سیل میں چھ لاکھ پچیس ہزار ٹن مقامی مارکیٹ کی فروخت جبکہ بقیہ تین لاکھ پانچ ہزار ٹن برآمدات شامل ہیں۔

اسی طرح میپل لیف کی فروخت میں گزشتہ سال کی نسبت اکتیس فیصد اضافہ متوقع ہے، کمپنی کے مجموعی ڈسپیچز چار لاکھ اکیس ہزار ٹن ریکارڈ ہونے کا امکان ہے جس میں مقامی مارکیٹ میں تین لاکھ   88 ہزار ٹن کی فروخت جبکہ تینتیس ہزارٹن کی برآمدات شامل ہیں۔

ڈی جی خان کے ڈسپیچز چھ لاکھ اسی ہزار ٹن ریکارڈ ہونے کی اُمید ہے جو کہ گزشتہ ماہ کی نسبت 43 فیصد زائد ہے ۔ اس میں مقامی طور پرسیل چار لاکھ ساٹھ ہزار ٹن  اوردو لاکھ اکیس ہزار ٹن کی برآمدات شامل ہیں۔

پرافٹ سے گفتگو میں تالریجا کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں انڈسٹری کی فروخت کم رہے گی تاہم  مالی سال 2021 کے دوسرے حصے میں اس میں اضافہ دیکھنے میں آئے گا کیونکہ سٹیٹ بنک کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے بنک دسمبر 2021 تک لون بک کا پانچ فیصد تعمیراتی شعبے کے لیے مختص رکھیں گے جس کی بدولت اس شعبے کی سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان دیکھا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here