اسلام آباد: آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے وفاقی سطح پر سرکاری اداروں میں بہترین کارکردگی پر رائٹ ٹو انفارمیشن چمپیئن ایوارڈ 2020 جیت لیا۔
ڈپٹی آڈیٹر جنرل (ایف اے او) مقبول احمد گوندل نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر کی طرف سے ایوارڈ وصول کیا۔
تقریب کا اہتمام پاکستان انفارمیشن کمیشن اور سنٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمینٹ (سی پی ڈی آئی) کی طرف سے مشترکہ طور پر کیا گیا تھا۔
سی پی ڈی آئی 2014ء سے سرکاری تقریب کے ذریعے معلومات تک رسائی کے موضوع پر بین الاقوامی دن مناتا آ رہا ہے جس میں مباحثے ہوتے ہیں، رپورٹس پیش کی جاتی ہیں اور رائٹ ٹو انفارمیشن کی طرف سے وفاقی سطح پر بہترین سرکاری ادارہ، صحافی اور شہری کو ایوارڈ دیا جاتا ہے۔
ڈپٹی آڈیٹر جنرل نے پینلسٹ کے طور پر اس تقریب میں شرکت کی اور پینل مباحثے میں بجٹ شفافیت اور معلومات تک رسائی کا حق کے موضوع پر بحث کی۔
سی پی ڈی آئی بطور آزاد سول سوسائٹی ادارے کے 2005ء میں قائم ہوا جو کہ پاکستان میں امن اور ترقی کے معاملات پر کام کر رہا ہے۔