کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے کاروباری روز کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں گزشتہ کاروباری سیشن(سوموار) کےمقابلے میں مثبت رجحان رہا، 100 انڈیکس 463 پوائنٹس اضافے سے 41204 پوائنٹس پر بند ہوا۔
عالمی ایکویٹی مارکیٹس میں ملا جلا رجحان رہا جبکہ خام تیل کی قیمت گزشتہ کاروباری روز کے مقابلے میں معمولی کم رہی، ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ(ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ کی قیمت 0.59 فیصد کی کمی سے 40.36 ڈالر جبکہ برینٹ کروڈ کی قیمت بھی 0.56 فیصد کمی سے 42.63 ڈالر پر آگئی۔
منگل کے کاروباری روز کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں اتار چڑھاؤ رہا، کاروبار کے دوران 351 پوائنٹس کمی سے انڈیکس 40389 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک آیا جبکہ 704 پوائنٹس اضافے سے انڈیکس 41445 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک دیکھا گیا، تاہم 463 پوائنٹس اضافے سے انڈیکس 41204 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس 726 پوائنٹس اضافے سے 65884 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 281 پوائنٹس اضافے سے 29295 پوائنٹس پر بند ہوئے۔
گزشتہ کاروباری روز (سوموار) کے دوران مجموعی مارکیٹ حجم 407.19 ملین شئیرز سے کم ہو کر 353.65 ملین شئیرز پر آگئے تھے۔ ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ، یونیٹی فوڈز لمیٹڈ اور کے الیکٹرک کاروباری اعشاریے پر سرِفہرست رہے۔
بینکنگ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن اور آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کے شعبوں نے کاروبار کو گرین زون میں لے جانے کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔ دیگر کمپنیوں کے مابین بینک الحبیب لمیٹڈ، اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ اور لکی سیمنٹ لمیٹڈ بھی برتردکھائی دیے۔